سولیا 26/ جنوری (ایس او نیوز) منڈیپو میں رہنے والے دوسری جماعت میں زیرتعلیم ولّیشا راما اور تنوی نامی دو بچوں نے اپنے اسکول جانے والی سڑک کی خود ہی مرمت کر ڈالی اور اس کے فوٹو وائرل ہوگئے ۔
بچے اپنے ہاتھ میں کدال لے کر سڑک مرمت کرنے والے فوٹو اور رپورٹ دیکھنے کے بعد یہاں کے سینئر سوِل جج سوم شیکھر نے متعلقہ مقام پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ اپنی بساط بھر مرمت کا کام انجام دینے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کرنے پر انہوں نے جج کو بتایا کہ پنچایت کو بارہا درخواستیں دینے کے بعد بھی سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی تھی اس لئے انہوں نے خود ہی اس کی کوشش کی ، جس کے دوران بچوں نے بھی ان کا ہاتھ بٹایا۔
پھر جج سوم شیکھر نے پنچایت دفتر پہنچ کر وہاں پر سڑک کی مرمت نہ کرنے کے تعلق سے پوچھ تاچھ کی اوراس طرح کی صورت حال پر اپنی بے اطمینانی کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر موجود پولیس انسپکٹر انجنیا ریڈی کو ہدایت دی کہ سڑک کی مرمت کرنے والے بچوں کے والدین، بچوں کی خبر گیری نہ کرنے والے اسکول کے اساتذہ اور سڑک کی مرمت نہ کرنے والی پنچایت کے صدراور پی ڈی او کے خلاف کیس رجسٹر کرتے ہوئے ایف آئی آر کیا جائے ۔
پی ایس آئی نے جب جج سے درخواست کی کہ کیس داخل کرنے کے بجائے سڑک کی مرمت فوری طور پر کرنے کی ہدایت دینا بہتر ہے تو جج نے اسے قبول کرتے ہوئے کام پورا ہونے کی رپورٹ فوٹو کے ساتھ جلد از جلد مجھے فراہم کی جائے ۔
پتہ چلا ہے کہ پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر انوشا نے متعلقہ مقام پر پہنچ کر فوری طور پر سڑک کی عبوری مرمت کا کام شروع کروایا ہے ۔